احمد جان کا جاوید ہاشمی کو فون، مسلم لیگ (ن) میں شمولیت پر خوش آمدید

May 14, 2018

نیویارک (اردو نیوز ) پاکستان مسلم لیگ (ن) نیویارک سٹیٹ کے صدر احمد جان نے کہا ہے کہ نیویارک سٹیٹ سمیت امریکہ بھر میں بسنے والے لیگی کارکنان اور جمہوریت پسند اوورسیز پاکستانی مخدوم جاوید ہاشمی کو پاکستان مسلم لیگ (ن) میں واپسی پر دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ جاوید ہاشمی کی پاکستان کی خالق جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) میں واپسی پر ووٹ کو مزید عزت ملے گی۔احمد جان نے ہفتے کو مخدوم جاوید ہاشمی کو فون کیا اور اپنی اورپارٹی ساتھیوں کی جانب سے انہیں پارٹی میں شمولیت پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ میاں نواز شریف نے پارٹی کارکنوں کی امنگوں کے مطابق فیصلہ کیا ہے ۔
احمد جان نے تحریک انصاف کے فواد چوہدری کی جاوید ہاشمی کی مسلم لیگ میں شمولیت پر تنقید پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فواد چوہدری اپنے گریبان میں جھانک کر دوسروں پر تنقید کیا کریں ۔اس کی حیثیت کرائے کے ٹٹو سے زیادہ نہیں ، جہاں اس کے ماسٹر کا حکم ہوتا ہے وہ وہاں جا کر ترجمان بن جاتا ہے ۔
مسلم لیگ (ن) نیویارک سٹیٹ کے صدر نے کہا کہ مخدوم جاوید ہاشمی ، جاوید ہاشمی وہ ویٹرن سیاستدان ہیں کہ جنہوں نے عمر بھر بے لوث جدوجہد کی ۔ ان کی پارٹی میں شمولیت سے مسلم لیگ ہی نہیں بلکہ جمہوریت بھی مضبوط ہو گی ۔یہی عزت آئندہ الیکشن میں خلائی مخلوق کو شکست فاش دے گی ۔

 

Pakistan Musim league USA officail websit.