اقتدار کی طاقت کمزوروں کو انصاف‘ غریبوں‘ یتیموں کو حق دلانے کیلئے استعمال ہوگی : شہبازشریف

Jun 21, 2013

news_detail_img-epaper_id-4473-epaper_page_id-55594-epaper_map_detail_id342767

لاہور(خصوصی رپورٹر) وزیر اعلیٰ شہبازشریف نے کہا ہے کہ عوام نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کوپٹواری و تھانہ کلچر کی تبدیلی، کرپشن اور بجلی کے بحران کے خاتمے کا مینڈیٹ دیاہے۔ ہم عوام کی امیدوں پر پورا اتریں گے اور ان کی طرف سے دیئے گئے تاریخی مینڈیٹ کی لاج رکھیں گے۔ ملک کو مسائل کے بھنور سے نکال کر ترقی و خوشحالی کی شاہراہ پر گامزن کریں گے۔ اقتدار کی طاقت کمزوروں کو انصاف، بیواﺅں اور یتیموں کو حق دلانے، انصاف کا بول بالا اور جرائم کا خاتمہ کرنے کے لئے استعمال کرناہوگی۔ پارٹی میں مشاورت کے بعد جلد سے جلدبلدیاتی انتخابات کرائیں گے اور ایسا بلدیاتی نظام لائیں گے جس میں عوام بااختیار ہوں گے اور ان کے مسائل مقامی سطح پر ہی حل ہوں گے۔ ملک و قوم کو درپیش توانائی کے بحران نے قومی معیشت، صنعت، زراعت، تعلیم، صحت سمیت سماجی ترقی کے دیگر شعبوں کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ بجلی بحران کا خاتمہ بڑا چیلنج ہے۔ وہ بہاولپور اور ملتان ڈویژن سے تعلق رکھنے والے ارکان پنجاب سمبلی سے الگ الگ ملاقاتوں کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔شہباز شریف نے کہا کہ تاریخی مینڈیٹ کا تقاضا ہے کہ عجز و انکساری کے ساتھ عوامی خدمت کے ایجنڈے پر جت جائیں۔ عوام کو مسائل سے نکالنے اور ان کے معیار زندگی میں بہتری لانے کے لئے شب و روز محنت کریں۔سیاسی و معاشی محکومی ہمارا مقدر نہیں۔ غربت کو خوشحالی اور دکھوں و آنسوﺅں کو خوشیوں میں بدلیں گے۔ پنجاب کو دنیا کا مثالی صوبہ بنائیں گے۔ ملک کوسیاسی اور معاشی لحاظ سے مضبوط کریں گے۔ کرپشن کے خاتمے کیلئے مل کر جہاد کرنا ہے۔ بجلی چوروں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نپٹیں گے اور جب تک بجلی چوری بند نہیں ہو جاتی چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ صوبائی وزرائ، ارکان اسمبلی نے متوازن اور عوام دوست بجٹ پیش کرنے پروزیراعلیٰ شہبازشریف کو مبارکباد دی۔ شہبازشریف سے برطانیہ کی لنکسٹر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر مارک سمتھ کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے برطانوی یونیورسٹی کے وفد سے بات چیت میں کہا کہ پاکستان کو جن مسائل کا سامنا ہے ان کا حل فروغ تعلیم میں مضمر ہے۔ پنجاب حکومت معیار تعلیم بلند کرنے کیلئے انقلابی اقدامات کر رہی ہے۔علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ نے فیصل آباد کے علاقے جمیل آباد میں شادی شدہ خاتون کو جلائے جانے کی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔سی ای او سمٹ سے خطاب میں شہبازشریف نے کہا ہے کہ توانائی کے بحران کے خاتمے اور امن و امان کی صورتحال کو بہتر بناکر سرمایہ کاری کو فروغ دیاجاسکتاہے۔ملک کو معاشی طور پر مضبوط بنانے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لئے سرمایہ کاری کا فروغ انتہائی ضروری ہے۔ وزیراعلیٰ نے 100بزنس لیڈرز کتاب کی رونمائی بھی کی۔وزیراعلیٰ نے جامعہ اشرفیہ شعبہ تجوید وقرات کے صدر مولاناقاری محمد طاہر کے انتقال پر گہر ے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔