امریکہ، یورپ اور مشرق وسطیٰ میں بسنے والے مسلم لیگی ساتھیوں کا عمر بھر احسان یاد رکھیں گے ؛کلثوم نوازکی تیمور رضا خان سے بات چیت

Jun 06, 2013

524797_465478266857800_1617633539_nتیمور رضا خان نے وزیر اعظم میاں نواز شریف کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی ہے اور کہا ہے کہ پانچ جون پاکستان کی تاریخ میں حق و سچ کی فتح کے دن کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جائیگا

نیویارک (خصوصی رپورٹ ) امریکہ میں مقیم پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کے رہنما تیمور رضا خان نے وزیر اعظم میاں نواز شریف کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی ہے اور کہا ہے کہ پانچ جون پاکستان کی تاریخ میں حق و سچ کی فتح کے دن کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ پانچ جون کو پاکستان میں اقتدار کی بجائے اقدار کی سیاست کی کامیابی ہوئی اور انشاءاللہ یہی اقدار کی سیاست اب پاکستان بچائے گی اور اسے داخلی و خارجی بحرانوں سے نکالے گی۔تیمور رضا خان نے میاں نواز شریف کے وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھانے کے بعد ان کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز شریف، صاحبزادی محترمہ مریم نواز ، داماد کیپٹن (ر) صفدر اعوان اور ان کے والد اسحاق اعوان سے فون پر بات کرکے انہیں اپنی اور امریکہ میں موجود مسلم لیگی ساتھیوں کی جانب سے مبارکباد دی ۔اس موقع پر بیگم کلثوم نواز نے بات کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ ، یورپ اور مشرق وسطیٰ میں موجود مسلم لیگی ساتھیوں کے بے لوث ساتھ کا احسان عمر بھر نہیں اتار سکتے ۔ انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف اللہ تعالیٰ اور اس کے حبیب حضرت محمد مصطفیﷺ کے کرم سے سرخرو ہوئے ہیں اور وہ ہر اس شخص کے ممنوں ہیں کہ جنہوں نے مشکل وقت میں ان کا بے لوث ساتھ دیا اور اس حوالے سے امریکہ، یورپ اور مشرق وسطی سمیت اوورسیز میں بسنے والے پاکستانیوں نے ہراول دستے کا کردار ادا کیا ۔
تیمور رضا خان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ فوزیہ قصوری سے ہونے والا سلوک دیکھ کر مسلم لیگ (ن)کے جو ساتھی پارٹی چھوڑ گئے ، وہ بھی واپس آجائیں، مسلم لیگ (ن) ان کا گھر ہے ، ہم انہیں خوش آمدید کہیں گے ۔انہوں نے کہا کہ جس جس شخص نے مسلم لیگ (ن) اور میاں نواز شریف کا ساتھ دیا، ہم ان کے اچھے کاموں کو یاد رکھیں گے اور ہم سب کے لئے دعا گو ہیں ۔ تیمور رضا خان نے کہا کہ ہم مسلم لیگ (ن) امریکہ کے صدر روحیل ڈار سمیت تمام ساتھیوں کے مشکور ہیں کہ جن کی سالہا سال کی محنت رنگ لائی اور اللہ تعالیٰ نے یہ کامیابی عطاءفرمائی ۔