بجلی کی لوڈ شیڈنگ پر قابو پانے کا کوئی وقت نہیں دیا جاسکتا، وزیراعظم نوازشریف

Jul 15, 2013| Courtesy by : express.pk

جو بھی بجلی اور گیس چوری کرتے پکڑا گیا اسے نشان عبرت بنادیں گے، نواز شریف فوٹو: فائل

150386-nawazcopy-1373888526-389-640x480

فیصل آباد: وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ پر قابو پانے کے لئے کوئی ٹائم فریم نہیں دیا جاسکتا لیکن وہ ایک نہ ایک دن ضرور قابو پالیں گے۔

فیصل آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت کو آئے ہوئے ایک ماہ اور چند دن ہوئے ہیں اور بجلی کا بحران کئی سال پرانا ہے، بجلی کی لوڈ شیڈنگ پر قابو پانے کے لئے کوئی ٹائم فریم نہیں دیا جاسکتا لیکن ایک نہ ایک دن ہم اس پر ضرور قابو پائیں گے، عوام اعتماد رکھیں کہ ہم جو کہہ رہے ہیں وہ ہوکر رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے رمضان المبارک میں سحر اور افطار کے دوران لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کی ہدایت کی تھی لیکن ہمارا نظام اس قدر ناکارہ ہے کہ جہاں بجلی کی فراہمی کو بہتر بنانے کی کوشش کی جاتی ہے یہ بیٹھ جاتا ہے۔ وہ میڈیا سے گزارش کرتے ہیں جن علاقوں میں بجلی نہیں ہوتی ان کے علاوہ ان علاقوں کا بھی ذکر کرے جہاں بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جاتا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت کو جن مسائل کا سامنا ہے وہ پہلے نہیں تھے جن میں دہشت گردی اور بد امنی کے مسائل بھی شامل ہیں جو پاکستانی کی سلامتی کے لئے خطرناک ہیں،اس کے لئے ہمیں عوام کی حمایت کی ضرورت ہے، مسلم لیگ (ن) کا کوئی دہرا معیار نہیں ہم ماضی میں بھی ڈرون حملوں کے خلاف تھے اور اب بھی ہیں لیکن اگر گزشتہ ادوار میں اس مسئلے پر زبان سے احتجاج اور درپردہ اس کی حمایت نہ کی جاتی تو دوسروں کو اتنی شہہ نہ ملتی۔ انہوں نے کہا کہ کہا کہ ہمارے معاشرے میں ہزاروں ایسے مجرم بیٹھے ہیں جنہیں اپنی جیب کی فکر ہے عوام کی نہیں،یہ لوگ غریب عوام کے حصے کی بجلی اور گیس چوری کرکے انہیں اندھیروں میں دھکیل رہے ہیں، اگر بجلی کی چوری کو مکمل طور پر ختم کردیا جائے تو آدھی لوڈ شیڈنگ ختم ہوجائے گی، جو عناصر بجلی اور گیس  چوری میں ملوث اور ان کے مدد گار ہیں وہ ملک اور قوم کے مجرم ہیں ان کا قلع قمع حکومت کی ذمہ داری ہے،جو بھی بجلی اور گیس چوری کرتے پکڑا گیا اسے نشان عبرت بنادیں گے۔

نوازشریف نے کہا کہ ملک کو کئی مسائل کا سامنا ہے اسے ترقی کی نئی راہوں پر گامزن کرنا ہے دورہ چین کے دوران انہوں نے کئی معاہدوں پر دستخط کئے جن میں ایک کاشغر گوادر ریلوے لائن اور ایک کراچی لاہور موٹر وے کی تعمیر ہے، لیکن موجودہ حکومت کی تمام توجہ بجلی بحران پر ہی مرکوز ہوکر رہ گئی ہے، گزشتہ حکومتوں کی نااہلی اور کرپشن کے باعث آج قوم یہ دن دیکھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام ہماری حکومت میں کرپشن کا کوئی اسکینڈل نہیں دیکھیں گے، اگر ایسا ہوا تو ہم اس کا فوری نوٹس لے کر ان کو قرار واقعی سزا دیں گے۔