دشمن پاک وطن کی جانب میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا : شہبازشریف

Aug 15, 2013| Courtesy by : nawaiwaqt.com.pk

news_detail_img-epaper_id-4688-epaper_page_id-58817-epaper_map_detail_id363644

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ وطن عزیز بیش بہا قربانیوں کے بعد اس لئے حاصل کیا گیا تھا کہ یہاں عدل و انصاف کا بول بالا ہو، وسائل کی تقسیم منصفانہ ہو اور ہر ایک کو یکساں حقوق حاصل ہوں۔ 66سال قبل پاکستان کے حصول کے لئے ایک ہی نعرہ لا الہ الا ﷲ لگایا گیا تھا اور مسلمانان برصغیر نے اس نعرے تلے متحد ہو کر پاکستان کے لئے جدوجہد کی اور قائداعظمؒ کی روح پرور قیادت میں علیحدہ وطن حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے لیکن آج یہ وہ پاکستان نہیں جس کا خواب قائداعظمؒ اور شاعر مشرق نے دیکھا تھا۔ ملک کو سنگین چیلنجز کا سامنا ہے۔ وطن عزیز میں خون کی ہولی کھیلی جا رہی ہے اور پیاری دھرتی کو خون سے نہلا دیا گیا ہے۔  مارنے والے بھی کلمہ گو اور مرنے والے بھی مسلمان ہیں۔ خون کی ہولی کھیلنے والے دنیا کو کیا پیغام دے رہے ہیں، کیا پاکستان اس لئے بنا تھا؟ کیا اس لئے خون کے دریا عبور کئے گئے تھے؟ ہمیں پاکستان کو عظیم قوت بنانے کا عہد کرنا ہو گا کہ محنت، امانت، دیانت، اخوت اور بھائی چارے کو شعار بناتے ہوئے ملک کو قائدؒ و اقبالؒ کے فرمودات کے مطابق ڈھال کر عوام کو ایک باوقار قوم کا مقام دلائیں گے۔ وہ ایوان اقبال میں یوم آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ شہباز شریف نے استفسار کیا کہ کیا پاکستان اسی لئے حاصل کیا گیا تھا کہ وسائل لوٹنے والے معزز کہلائیں اور عام اور غریب آدمی بنیادی سہولتوں سے محروم رہے۔ یہ نظام ایسے نہیں چلے گا اگر ہم نے اصلاح نہ کی  تو خونی  انقلاب ہمارے دروازوں پر دستک دے رہا ہے، ہمیں اسوہ حسنہ اپناتے ہوئے اپنی اصلاح کرنی ہوگی۔ اگر آج بھی ہم نے اپنی اصلاح نہ کی اور ہوش کے ناخن نہ لیے تو پھر صفحہ ہستی سے مٹ جائیں گے۔ ابھی کچھ نہیں بگڑا، پاکستان آج ایٹمی طاقت ہے اور دشمن اس کی جانب میلی آنکھ سے بھی نہیں دیکھ سکتا۔ شہباز شریف نے صوبے میں توانائی کے شعبہ میں منصوبوں پر تیز رفتاری سے عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے پنجاب انرجی کونسل تشکیل دینے کی منظوری دے دی۔ انرجی کونسل صوبے میں توانائی سیکٹر میں سرمایہ کاری کیلئے جامع منصوبہ بندی کرے گی۔ انرجی کونسل مختلف ذرائع سے توانائی کے حصول کے حوالے سے سفارشات مرتب کرے گی۔ وزیراعلیٰ انرجی کونسل کے چیئرمین ہوں گے۔ وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے انرجی کونسل کے لئے ممبران کے ناموں کی منظوری دینے کے ساتھ 4 سب کمیٹیاں بھی تشکیل دی ہیں۔ شہباز شریف نے شدید بارش کے باعث لاہور سمیت صوبے کے دیگر شہروںکی  انتظامیہ کو نکاسی آب کے لئے فوری طور پر اقدامات اٹھانے کی ہدایات جاری کیں۔ شہبا زشریف سے چین کی معروف کمپنی نورینکو انٹرنیشنل کے نائب صدر وینگ ژیابنگ کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں انڈر گراؤنڈ ٹرین سسٹم اورمیٹرو بس پراجیکٹ کے توسیعی منصوبہ پر تبادلہ خیال کیاگیا۔

nawaiwaqt.com.pk