رچرڈ اولسن کی ملاقات: امریکہ ڈرون حملے بند کرے ‘ پاکستان کی خودمختاری کا احترام کیا جائے: نوازشریف

Jul 17, 2013

news-1374028206-2924

اسلا م آباد (اے پی اے) وزیراعظم نواز شریف سے امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے پاکستان میں امریکی ڈرون حملے بند کرنے کا مطالبہ ایک بار پھر دہرایا ہے۔ ایک حکومتی بیان کے مطابق دونوں رہنماﺅں نے پاکستان امریکہ تعلقات سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ میاں نواز شریف نے وزیرستان میں حالیہ ڈرون حملے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کو پاکستان کی خودمختاری کا احترام کرتے ہوئے فوری طور پر ڈرون حملے بند کردینے چاہئیں جن کا نشانہ معصوم شہری بن رہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم امریکہ کیساتھ باہمی احترام پر مبنی تعلقات کی مضبوطی کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ پاکستان کو توانائی بحران سے نمٹنے میں معاونت فراہم کرے۔ انہوں نے کہاکہ امریکہ پاکستان میں مزید سرمایہ کاری لاکر ہمیں اقتصادی بحران سے نمٹنے میں معاونت فراہم کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں امداد نہیں تجارت چاہئے۔ اس موقع پر امریکی سفیر نے کہا کہ امریکہ پاکستان کیساتھ تعلقات مضبوط کرنے اور معاونت کیلئے بھی تیار ہے۔ دہشتگردی پاکستان اور امریکہ کا نہیں پوری دنیا کا مسئلہ ہے، پاکستان اس لعنت سے بری طرح متاثر ہوا ہے۔ دہشتگردی کی جنگ کیخلاف پاکستانی عوام اور فوج کی قربانیوں کو امریکہ قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ امرےکی سفےر نے کہا کہ ڈرون حملے پاکستانی عوام کے نہیں شدت پسندوں کیخلاف کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ مذاکرات پر یقین رکھتا ہے۔