عوامی اعتماد پر پورا اترنے کے لئے جان لڑا دیں گے‘ ریپڈ ایجوکیشن سسٹم لائیں گے: شہباز شریف

May 23, 2013

news-1369268587-3162لاہور (خصوصی رپورٹر) شہباز شریف نے کہا ہے کہ حالیہ انتخابات میں پاکستان کے دیہات، قصبوں اور شہروں میں بسنے والے عام آدمی نے مسلم لیگ (ن) اور اس کی قیادت پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے ہم اس پر پورا اترنے کے لئے اپنی جانیں لڑا دیں گے۔ مسلم لیگ (ن) کے اجلاس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) وعدوں کی بجائے عمل پر یقین رکھتی ہے اور پچھلی پنجاب حکومت کی پانچ سالہ کارکردگی پر کوئی بھی سیاسی جماعت فخر کر سکتی ہے ۔ ہم نے جو کچھ کہا کر کے دکھایا، میٹرو بس سسٹم کا نیا نظام، بڑے شہروں میں کارڈیالوجی ہسپتال، آشیانہ ہاﺅسنگ سکیم، لیپ ٹاپ، اجالا پروگرام اور تعلیمی وظائف یہ سب ہمارے خلوص نیت کی عملی گواہی ہیں۔ آئندہ حکومت میں بھی تعلیم ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہو گی اور دانش سکولوں کے ساتھ ساتھ صوبے کے ہزاروں سرکاری سکولوں میں غیر موجود سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ ہم تعلیم کے شعبے میں انقلابی تبدیلیاں لانے کے لیے ریپڈ بس سروس کی طرح ریپڈ ایجوکیشن کا نظام لے کر آئیں گے اور اگلے پانچ برسوں میں تعلیم کے شعبے پر سات سو ارب روپے صرف کیے جائیں گے۔ نومنتخب ارکان سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ میں آپ کو مبارکباد دینے کے ساتھ ساتھ اس ذمہ داری کا احساس دلانا چاہتا ہوں جو عوام نے آپ کے کندھوں پر ڈالی ہے۔ منتخب ارکان یہ نہ بھولیں کہ وہ اپنے ووٹروں سمیت پاکستان کے تمام عوام کو جوابدہ ہیں۔ عوام میں ان کی پارٹی کی مقبولیت اور نیک نامی کا انحصار ان کی کارکردگی پر ہو گا۔ اچھی کارکردگی والے ارکان ہمارے سر کا تاج ہوں گے اور جو نمائندے اپنے فرائض منصبی ادا نہ کریں گے ان سے ہمارا کوئی تعلق نہیں ہو گا۔ آج وہ لوگ بھی مسلم لیگ (ن) کی آئندہ حکومت سے پرامید ہیں جنہوں نے ہمیں ووٹ نہیں دیئے۔ میڈیا سے گفتگو میں شہباز شریف نے کہا کہ ہم لوڈشیڈنگ میں کمی سے لیکر تعلیمی مسائل کے حل تک ہر معاملے میں اپوزیشن کی تجاویز کا خیر مقدم کریں گے۔ انہوں نے کہ ابھی مسلم لیگ (ن) نے حکومت نہیں سنبھالی لیکن ہماری سیاسی ٹیم نے تعلیم، توانائی اور پیداوار سمیت زندگی کے مختلف شعبوں میں بہتری کے لئے کمیٹیوں کی صورت میں اپنا کام شروع کر دیا ہے۔علاوہ ازیں ترکی کے ممتاز تجارتی گروپ ”البراک“ کے سربراہ احمد البراک نے وفد کے ساتھ شہباز شریف سے ملاقات کی۔ انہوں نے مسلم لیگ ن کی انتخابات میں شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔ وفد کے دیگر ارکان نے کہا کہ آنے والے دنوں میں ترکی کے تاجر اور صنعتکار پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کرنے کے روشن امکانات دیکھ رہے ہیں۔ محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور ترکی دوستی اور بھائی چارے کے لازوال رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔