عوام نے مسلم لیگ ن پر اظہار اعتماد کیا‘ نام نہاد مقبولیت کے دعویدار بے نقاب ہو گئے : شہبازشریف

Aug 23, 2013| Courtesy by : nawaiwaqt.com.pk

news_detail_img-epaper_id-4720-epaper_page_id-59300-epaper_map_detail_id366538

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہباز شریف نے ضمنی انتخابات میں جیتنے والے مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کو  کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کی کامیابی عوام کا پارٹی پالیسیوں پر بھرپور اعتماد کا اظہار ہے۔ ضمنی انتخابات کے نتائج سے یہ حقیقت واضح ہو گئی ہے کہ عوام بے لوث خدمت کرنے والے عوامی نمائندوں کے ساتھ ہیں جبکہ نام نہاد مقبولیت کے دعویدار بے نقاب ہوگئے ہیں۔ عوام نے عام انتخابات کے بعد ضمنی الیکشن میں پاکستان مسلم لیگ (ن) پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے اس پر ہر صورت پورا اتریں گے۔ کامیاب امیدواروں پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ عوامی خدمت کو اپنا شعار بنائیں۔ قبل ازیں ایشیائی ترقیاتی بنک کے نائب صدر سے گفتگو میں وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب میں توانائی کے منصوبوں کے حصول میں پہل کرتے ہوئے ایک برس میں ایک ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کا ہدف حاصل کریں گے۔حکومت میں آتے ہی توانائی کے حصول کو پہلی اور آخری ترجیح بنا کر مشترکہ کوششوں اور اجتماعی حکمت عملی کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔ ایشیائی ترقیاتی بنک کی پنجاب حکومت کو توانائی، ٹرانسپورٹ اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں تعاون کی پیشکش خوش آئند ہے۔ ایشیائی ترقیاتی بنک قائد اعظم سولر پارک سے بجلی کے حصول اور ٹرانسمیشن لائن بچھانے کے حوالے سے فنی اور تکنیکی تعاون فراہم کر سکتا ہے۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار ایشیائی ترقیاتی بنک کے نائب صدر مسٹر ایکسیاؤیو  ژاؤ سے گفتگو میں کیا۔ ملاقات کے دوران توانائی، ٹرانسپورٹ اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کے حوالے سے بات چیت ہوئی اور ایشیائی ترقیاتی بینک نے پنجاب حکومت کو تینوں شعبوں میں بھرپور تعاون اور مالی معاونت کی پیشکش کی اور اس ضمن میں بینک کے مختلف پروگرامز کے بارے میں پنجاب حکومت کے حکام کو آگاہ کیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ توانائی بحران کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہے اس سلسلے میں قابل تجدید اور متبادل ذرائع سے توانائی کے حصول کے لئے جامع حکمت عملی اپنائی جا رہی ہے۔ شمسی توانائی کے حصول کے لئے چین اور جرمنی سے بات چیت جاری ہے – لاہور سمیت بڑے شہروں میں سٹریٹ لائٹس اور ٹریفک سگنلز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کا پروگرام بنایا گیا ہے جبکہ سرکاری دفاتر کو مرحلہ وار شمسی توانائی پر منتقل کیا جارہا ہے۔ پنجاب میں تمام منصوبوں پر شفاف انداز سے عملدرآمد کیا جا رہا ہے یہی وجہ ہے کہ گزشتہ پانچ برس کے دوران ہمارے مخالفین بھی شفافیت اور میرٹ پر انگلی نہیں اٹھا سکتے۔ بلاشبہ ہمارے پاس وقت کم اور مقابلہ سخت ہے اور ہم نے یہ مقابلہ ہر صورت جیتنا ہے۔ صوبہ پنجاب کو اس وقت 3 ہزارمیگاواٹ سے زائد بجلی کی کمی کا سامنا ہے اور ہم نے طلب اور رسد کے اس فرق کو تیز رفتاری کے ساتھ پورا کرنا ہے تاکہ عوام کی زندگیوں میں آسانی لائی جا سکے۔ اس موقع پر ایشیائی ترقیاتی بنک کے نائب صدر نے پنجاب کے دو دیہات کو مفت شمسی توانائی پر منتقل کرنے کی پیشکش کی۔ اجلاس سے خطاب میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب میں گارمنٹس انڈسٹری کی ترقی کے وسیع امکانات موجود ہیں اور گارمنٹس کے شعبہ کو فروغ دے کر نہ صرف بھاری زرمبادلہ کمایا جاسکتا ہے بلکہ روزگار کے ہزاروں نئے مواقع بھی پیدا کئے جاسکتے ہیں یہی وجہ ہے کہ پنجاب حکومت نے صوبے میں گارمنٹس انڈسٹری کو فروغ دینے کیلئے جامع حکمت عملی اپنائی ہے اور اس مقصد کیلئے  چین کے ساتھ پنجاب چائنہ گارمنٹس انڈسٹریل زون بنانے کا معاہدہ کیا گیا ہے۔ گارمنٹس انڈسٹریل زون میں ملکی اور غیرملکی سرمایہ کاروں کو خصوصی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ دریں اثناء شہباز شریف سے چین کی معروف کمپنی ژو نرجی کے صدر یوینگ نے ملاقات کی جس میں توانائی سیکٹر کے منصوبوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔