نیویارک ؛ چوہدری صلاح الدین کی مکی مسجد میں نماز جنازہ، کمیونٹی کے سینکڑوں ارکان کی شرکت، ہرآنکھ اشکبار

Feb 09, 2013

Salah-ud-Din نیویارک (سپیشل رپورٹر سے )پاکستان مسلم لیگ( ن )نیویارک سٹیٹ کے صدر و کمیونٹی کی ممتاز سماجی شخصیت چوہدری صلاح الدین کی نماز جنازہ جمعہ کو یہاں مکی مسجد ، بروکلین میں ادا کر دی گئی جس میں مسلم لیگ ن سمیت کمیونٹی کی اہم شخصیات اور سینکڑوں ارکان نے شرکت کی ۔جنازے میں شریک ہر آنکھ کمیونٹی کی اس جواں سال موت پر اشکبار تھی ۔ مسلم لیگ ن امریکہ کے عہدیداران اور ارکان کے سامنے جب مکی مسجد میں چوہدری صلاح الدین کا جنازہ لایا گیا تو اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور دھاڑیں مار مار کر رونے لگ گئے ۔مرحوم کا جسد خاکی ہفتے کو پی آئی اے کی پرواز سے نیویارک سے لاہور بھجوایا جائیگا جہاں اسے سیالکوٹ میں لے جا کر سپرد خاک کیا جائیگا ۔ واضح رہے کہ چوہدری صلاح الدین مرحوم چھ روز تک زندگی و موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد بالآخر منگل اور بدھ کی درمیان رات اپنے خالق حقیقی کو جا ملے۔ان کی عمر اڑتالیس سال تھی اور پسماندگان میں تین بیٹے ، ایک بیٹی اور دو بیوگان چھوڑی ہیں۔بتایا گیا ہے کہ 48سالہ چوہدری صلاح الدین جمعہ کی صبح بروکلین کے مقامی کلینک میں کولوناسپی کے ٹیسٹ کے لئے گئے، اس ٹیسٹ کے لئے انہیں بیہوش کیا گیا اور خیال ہے کہ بیہوشی کے لئے انہیں ضرورت سے زیادہ مقدار میں انیس تھیزیا دےدیا گیا جس کی وجہ سے دوران بیہوشی انہیں مبینہ طور پر ہارٹ فیل ہوا اور وہ ہوش میں نہ آئے اور ان کی نبض بند ہو گئی۔

اس ہنگامی صورتحال کے پیش نظر انہیں ایمنز ایونیو ، بروکلین پر واقع کلینک سے فوری طور پر بیتھ اسرائیل ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں لائف سپورٹ دی گئی اور بھرپور کوشش کے بعد ان کے دل کی دھڑکن بحال ہو گئی اور بلڈ پریشر بھی واپس آگیا لیکن ایک گھنٹے سے زائد وقت تک نبض بند رہنے کی وجہ سے ان کے دماغ کو آکسیجن کی فراہمی بند رہی جس کی وجہ سے ان کے برین کو نقصان پہنچا اور وہ حالت کومے میں چلے گئے چھ روز تک زندگی و موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد اپنے خالق حقیقی کو جاملے ۔  ۔  


Pakistan Musim league USA officail websit.