نیویارک میں پاکستان مسلم لیگ ن کے زیر اہتمام یوم تکبیر کا جلسہ عام

May 28, 2013

نیویارک(خصوصی رپورٹ) پاکستان مسلم لیگ( ن) نیویارک سٹیٹ کے زیر اہتمام یہاں مسلم لیگ ہاوس میں حسب روایت دفاع پاکستان کو ناقابل تسخیر بنائے جانے کے دن کے حوالے سے یوم تکبیر منایا گیا جس میں نامزد وزیر اعظم میاں نواز شریف، ذوالفقار علی بھٹو سمت پاکستان کے تمام ایٹمی سائنسدانوں کی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا گیا۔

مسلم لیگ (ن) نیویارک سٹیٹ کے صدر احمد جان کی صدارت میں منعقدہ جلسے کے مہمان خصوصی مسلم لیگ ن امریکہ کے صدر روحیل ڈار تھے جبکہ پارٹی کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری انفارمیشن و رکن قومی اسمبلی خرم دستگیر خان نے پاکستان سے ٹیلیفونک خطاب کیا۔

اس موقع پر لیگی ساتھیوں نے یوم تکبیر کا کیک کا ٹا اور فضاءمیں پاکستان، نواز شریف اور یوم تکبیر کے حق میں نعرے لگائے۔


یوم تکبیر کے جلسہ عام میں پاکستان مسلم لیگ( ن) امریکہ کے سرپرست اعلیٰ کیپٹن شاہین بٹ ، سابق صدر حاجی جمیل کے علاوہ میاں فیاض، رانا سعید، سید انور شاہ واسطی، جاوید صدیقی ، عبدالخالق اعوان ، یٰسین بھٹی، ناصر بٹ ، چوہدری پرویز اختر ، تیمور رضا خان ،افضل بٹ ، رانا ریاض، نادر بٹ ، بابر بٹ ، سردار تاج، رانا ریاض، مظہر ٹیپو، راجہ ساجد ، راجہ ظفر ، راجہ عامر، راجہ رزاق، راجہ ضمیر،راجہ روف، محمود احمد، جاوید منہاس، خرم ملک، سید میر حسین شاہ ، قاری بشیر احمد، شاہد وڑائچ، چوہدری عمر رزاق وڑائچ، چوہدری غلام جیلانی،سجاد بٹ ، اعجاز بٹ ،بابر ہاشمی اور چوہدری بشیر سمیت لیگی کارکنون اور کمیونٹی کی اہم شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی


جلسے کے پہلے حصے کی نظامت کے فرائض چوہدری پرویز اختر جبکہ دوسرے حصے کی نظامت رانا سعید نے کی ۔چوہدری پرویز اختر نے تلاوت جبکہ سجاد بٹ نے سرور کونین حضرت محمد مصطفیﷺ کے حضور نذرانہ عقیدت پیش کیا ۔اسی تقریب میں احمد جان کی صدارت میں قائم کئے جانیوالے پاکستان مسلم لیگ (ن) نیویارک سٹیٹ کے چیپٹرکے عہدیداروں سے صدر روحیل ڈار نے ان کے عہدوں کا حلف لیا۔


خرم دستگیر خان نے کہا کہ کمزور حکمران پاکستان کو کمزور کر کے گئے۔انہوں نے ایٹمی پاکستان کو توانائی، معشیت ، امن و امان ، روزگار سمیت پر شعبے میں کمزور کیا۔ اوورسیز پاکستانیوں سمیت ملک وقوم کو میاں نواز شریف کے شانہ بشانہ چل کر پاکستان کو ہر شعبے میں ناقابل تسخیر بنانا ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے کی سزا میاں نواز شریف کو اقتدار سے علیحدگی اور جلاوطنی کی شکل میں دی گئی اور انہیں پندر ہ سال ملک اور اقتدار سے الگ رکھا گیا۔ انہی پندہ سالوں میں ملک کے ہر شعبے میں کمزور اور کرپٹ حکمرانوں نے کمزوری پیدا کی ۔پہلے مشرف اور پھر زرداری حکومت نے کمزور فیصلے کئے ۔اللہ کا شکر ہے کہ ایک بار پھر میاں نواز شریف کو ملک و قوم کی خدمت کا موقع دیا ہے ۔ میاں نواز شریف کا یہ دور حکومت ملک و قوم کے لئے اندھیرے سے روشنی کی طرف سفر ہوگا۔دفاع پاکستان کے بعد معیشت سمیت ہر شعبے میں ملک کو مضبوط بنانا ہے ۔خرم دستگیر نے کہا کہ انتہا پسندی بھی ملک و قوم کے سامنے ایک بڑا چیلنج ہے جس سے نبرد آزما ہوئے بغیر داخلی و خارجی بحرانوں پر قابو نہیں پایا جا سکتا۔ہم مذاکرات کے ذریعے اس مسلہ کو حل کرنے کی کوشش کررہے ہیں لیکن واضح کر دیں کہ مذاکرات بہترین آپشن ہے ،واحد آپشن نہیں ہے ۔حکومت نے عوام کے جان و مال کے تحفظ کی ذمہ داری کو ہر حال میں پورا کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں میاں شہباز شریف نے گڈ گورنس کا جو ماڈل قائم کیا ، وہی ماڈل اب انشاءاللہ میاں نواز شریف کی قیادت میں مرکز سمیت صوبوں میں اپنا کر ملک و قوم کے مسائل کے حل میں اپنا ہر ممکن کردار ادا کریں گے ۔


خرم دستگیر نے مسلم لیگ (ن) امریکہ کے صدر روحیل ڈار اور ناصر بٹ جنہوں نے ان کا ٹیلیفونک خطاب کا اہتمام کیا، سمیت تمام ساتھیوں کو پارٹی کے لئے ان کی خدمات پر خراج تحسین پیش کیا ۔

 


مسلم لیگ (ن) امریکہ کے صدر روحیل ڈار نے کہا کہ آئین شکن اپنے انجام کو پہنچ چکا ہے اور اللہ تعالیٰ نے ہمارے قائد میا ں نواز شریف کو ایک بار پھر عوام کے سامنے سرخرو کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہے اور اس نے ثابت کیا ہے کہ یہ ایک ذمہ داری ایٹمی ریاست ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام چاہتے ہیں کہ دنیا ایٹمی ٹیکنالوجی کے پر امن استعمال بالخصوص توانائی کی ضروریات پورا کرنے کے سلسلے میں پاکستان کے ساتھ بھارت کے مقابلے میں کوئی امتیازی سلوک اختیار نہ کرے ۔پاکستان کو بھی توانائی کی ضروریات پورا کرنے کے لئے وہی سہولیات اور سٹیٹس دینا چاہئیے جو کہ بھارت کو دیا گیا ہے ۔

 

روحیل ڈار نے احمد جان سمیت پاکستان مسلم لیگ ن نیویارک سٹیٹ کے نومنتخب عہدیداروں سے حلف لینے کے بعدانہیں مبارکباد دی اور کہا کہ اب لیگی ساتھیوں کو پاکستا ن کے سفیر کا کردار ادا کرنا ہوگا اور اپنے عمل سے ملک و قوم کا دنیا میں نام روشن کرنا ہے


پاکستان مسلم لیگ (ن) نیویارک سٹیٹ کے صدر احمد جان نے اپنے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد خطاب کرتے ہوئے یوم تکبیر کی سالگرہ پر شرکاءسمیت پاکستانی امریکن کمیونٹی کو مبارکباد دی ۔ انہوں نے نیویارک سٹیٹ کے نومنتخب عہدیداروں کو بھی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے لئے یہ فخر کی بات ہے کہ ہم قائد میاں نواز شریف کے ساتھی ہیں جنہوں نے ملک وقوم کے لئے اپنے تن ، من اور دھن قربان کیا لیکن اصولوں پر کبھی سمجھوتہ نہ کیا ۔ آج پاکستانی قوم یوم تکبیر منا رہی ہے کیونکہ میاں نوا زشریف نے تمام تر بیرونی دبا و¿ کو مسترد کرکرتے ہوئے سبز ہلالی پرچم کو سربلند رکھا ۔ اللہ تعالیٰ نے ایک بار پھر انہیں ملک و قوم کو داخلی و خارجی بحرانوں سے نکالنے کی ذمہ داری سونپی ہے ۔ان کے سامنے بڑے بڑے چیلنجز ہیں اور اب ہمیں میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف کے ہاتھ مضبوط کرنے ہونگے تاکہ وہ قوم کو ایک روشن پاکستان دینے کے اپنے وعدے کو پائیہ تکمیل تک پہنچا سکیں


پاکستان مسلم لیگ ن امریکہ کے سرپرست اعلیٰ کیپٹن (ر)شاہین بٹ نے کہا کہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام مسلہ کشمیر کو پیش نظر رکھتے ہوئے بنایا گیا۔انہوں نے کہا کہ ہم ذمہ دار ملک ہیں لیکن کسی بھی جارحانہ عزائم رکھنے والے بالخصوص بھارت کو معلوم ہونا چاہئیے کہ ہم ایٹمی طاقت اس لئے نہیںبنے کہ اس طاقت کی حفاظت کر سکیں بلکہ اس لئے بنے ہیں کہ یہ طاقت ہماری حفاظت کرے۔انہوں نے کہا کہ ایٹمی پروگرام اور یوم تکبیر کا کشمیر سے تعلق ہے اور انشاءاللہ ایک دن یہ مسلہ حل ہوگا۔


مسلم لیگ ن امریکہ کے سینئر نائب صدر میاں فیاض نے کہا کہ پرویزمشرف نے اپنے ذاتی مفادات پر مبنی فیصلوں سے اوورسیز کمیونٹی کا بیڑہ غرق کردیا ۔ ہم اپنی حکومت سے مطالبہ کریںگے کہ وہ اوورسیز پاکستانیوں کا دنیا بھر میں کھویا ہوا وقار بحال کرے ، انہوں نے کہا کہ گرین چینل کا آغاز ، محصول چونگی ، ضلع ٹیکس کا خاتمہ اور موٹر وے کی تعمیر جیسے منصوبے میاں نواز شریف کے اوورسیز کمیونٹی کے لئے اہم مثالیں ہیں ۔

 


مسلم لیگ ن امریکہ کے سیکرٹری جنرل رانا سعید نے کہا کہ ہمیں فخر اور بے پناہ خوشی ہے کہ اللہ تعالیٰ نے ہمارے قائدین میا ںنواز شریف اور میاں شہباز شریف کو الیکشن میں سرخرو کیا ۔ انشاءاللہ ہم ملک و قوم کی تقدیر بدلنے میں حکومت کے شانہ بشابہ چلیں گے


امریکہ میں مقیم مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کے رہنما تیمور رضا خان نے کہا کہ میاں نواز شریف کی عظمت کو سلام کہ جنہوں نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا۔ انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کا ماضی گواہ ہے کہ وہ پاکستان کو خوشحال ، مضبوط اور مستحکم ملک بنانا چاہتے ہیں ۔ ہم دنیا سے کہیں گے کہ پاکستان میں ایک نئی حکومت اور ایک نیا دور شروع ہونے والاہے ۔

پاکستانی قوم کو اس کی ترقی کا سفر کرنے دیا جائے اور اقوام عالم میاں نواز شریف کی قیادت میں پاکستان کی خوشحالی و استحکا م کے اقدامات کو سپورٹ کرے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی ایک پر امن قوم ہیں ،ہم ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہیں اور ہم یہ بھی چاہتے ہیں کہ دنیا پاکستان کی خودمختاری کا احترام کرے

 


جلسے سے خطاب کرتے ہوئے حاجی جمیل، ناصر بٹ ، چوہدری پرویز اختر ، رانا ریاض،سردار تاج، ودیگرمقررین نے کہا کہ یوم تکبیر کی وجہ سے میاں نواز شریف کو سزا دی گئی لیکن ہم سلام پیش کرتے ہیں اپنے قائد کو کہ جس نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے کی سزا کی تمام مصیبتیں اپنے اوپر لے لیں اور ملک و قوم کی سلامتی اور مفادات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا اور دفاع پاکستان کو ناقابل تسخیر بنایا۔انہوں نے کہا کہ مسلہ کشمیر اقوام متحدہ کے چارٹر پر موجود ہے اور اس کے حل تک اقوام متحدہ کی ذمہ داری پوری نہیں ہوتی ۔انہوں نے کہا کہ نئی حکومت دفاع پاکستان کے ساتھ ساتھ ملک و قوم کو داخلی و خارجی بحرانوں سے بھی نکالے گی

 


آخر میں پاکستان مسلم لیگ (ن) نیویارک سٹیٹ اور یو ایس اے کے عہدیداران ، ارکان نے ملکر یوم تکبیر کا کیک کاٹا اور مسلم لیگ ہاوس میں نواز شریف ، شہباز شریف اور پاکستان کے حق میں فلک شکاف نعرے لگائے ۔