وزیراعلیٰ سے ملاقات‘ کسان اتحاد کا ہڑتال موخر کرنے کا اعلان‘ بجلی منصوبوں کو جنگی بنیادوں پر مکمل کرنا ہے: شہباز شریف

Aug 26, 2013| Courtesy by : nawaiwaqt.com.pk

shahbaz sharifلاہور(خبر نگار) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے معیشت کے استحکام، اقتصادی سرگرمیوں کے فروغ اور صنعتکاری کے عمل کو تیز کرنے کیلئے توانائی کے بحران کا خاتمہ ناگزیر ہے۔ عوام کو لوڈشیڈنگ کی اذیت سے نجات دلانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔ غیر ملکی سرماےہ کاروں کو توانائی کے منصوبوں میں سرماےہ کاری کے لئے ہر قسم کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ چین او ر دیگر ممالک کے سرماےہ کار پنجاب سمیت پاکستان بھر میں توانائی کے منصوبوں میں سرماےہ کاری کے خواہاں ہیں۔ حکومت پنجاب توانائی کے منصوبوں کے حوالے سے تیزرفتاری سے پیشرفت یقینی بنائے گی اور اس ضمن میں متبادل ذرائع سے توانائی کے حصول کے راستے تلاش کئے جا رہے ہیں۔ اسلام آباد میں توانائی کے منصوبوں پر پیشرفت کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا ملک کی ترقی کیلئے توانائی کا حصول نہایت اہمیت کا حامل ہے اور اس جانب ہمیں بلاتاخیر آگے بڑھنا ہے۔ متبادل ذرائع سے توانائی کے حصول کے راستے تیزی سے تلاش کئے جارہے ہیں اور توانائی کے منصوبوں پر برق رفتاری سے کام کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کئی ملکی اور غیرملکی کمپنیاں بجلی کے حصول کے منصوبے لگانے کیلئے تیار ہیں، اس لئے متبادل ذرائع سے بجلی کے حصول کیلئے خصوصی مراعات کی فراہمی کے لئے منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ شمسی ذرائع سے بجلی کی پیداوار کے منصوبے کم مدت میں مکمل کئے جا سکتے ہیں۔ چولستان میں قائداعظم سولرپارک کے منصوبے پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا سولر پارک میں معیاری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا ہم نے جنگی بنیادوں پر بجلی کے منصوبوں کو مکمل کرنا ہے اور اس مقصد کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کا آغاز کردیا گیا ہے۔ توانائی بحران کا حل قومی ذمہ داری ہے۔ مسلم لیگ ( ن) کی حکومت بجلی بحران کو حل کرنے کے لئے پرعزم ہے اور ہم عوام کو لوڈشیڈنگ کے عذاب سے نجا ت دلاکر دم لیں گے۔ انہوں نے کہا پنجاب حکومت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت بجلی کے منصوبے شروع کرنے کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے اور اس ضمن میں سرمایہ کاروں کو تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ بائیوماس کیلئے ہمارے پاس وافر مقدار میں ایندھن موجود ہے اور اسے استعمال کر کے توانائی حاصل کی جاسکتی ہے۔ بجلی اور گیس چوری کے خلاف کریک ڈاﺅن کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا بجلی اور گیس چور قوم کے مجرم ہیں ان سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ بجلی اور گیس چوری پکڑنے کے لئے قائم کی گئی ٹاسک فورس نے اب تک کروڑوں روپے کی گیس او ربجلی چوری پکڑی ہے جو قابل ستائش اور قوم کے مجرموں کے لئے ایک پیغام بھی ہے۔ گیس اور بجلی چور مافیا کے خلاف بلا امتیاز کریک ڈاﺅن جاری رہے گا اور اس گھناﺅنے جرم میں ملوث سرکاری اہلکاروں کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔مزید برآں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے پاکستان کسان اتحاد کے وفد نے صدر خالد کھوکھر کی قیادت میں مری میں ملاقات کی اور ملاقات میں کسان اتحاد کی جانب سے آج دی جانے والی ہڑتال کی کال کو دس روز کیلئے ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔ شہبازشریف نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا پاکستان کسان اتحاد کا مسئلہ وفاقی حکومت سے متعلقہ ہے لیکن میں ان کے حقوق اور مسئلے کے حل کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کروں گا۔