وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے پنجاب میں قائم تمام دانش سکولوں میں بلوچستان کے طلبا و طالبات کیلئے مقررکردہ کوٹہ دوگنا کرنے کا اعلان

Dec 27, 2013

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے پنجاب میں قائم تمام دانش سکولوں میں بلوچستان کے طلبا و طالبات کیلئے مقررکردہ کوٹہ دوگنا کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب حکومت بلوچستان کے طلبا و طالبات کو تعلیمی اخراجات کی ادائیگی کیلئے وظائف بھی فراہم کر رہی ہے اور اس وقت تقریباً 500 بلوچ طلبا و طالبات پنجاب میں دانش سکولوں اور دیگر تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے لینڈ ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن اور سالڈویسٹ مینجمنٹ کے شعبے میں بھی بلوچستان حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان حکومت اور بلوچ بہن بھائیوں کی ہر ضرورت کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کیا جائے گا اور اس ضمن میں بلوچستان حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے گا۔ پنجاب حکومت اور عوام نے بلوچستان کے زلزلہ زدہ بہن بھائیوں کی بھرپور مدد کی ہے اور مصیبت کی گھڑی میں ان کا ساتھ نبھایا ہے۔ پنجاب حکومت اور عوام نے کروڑوں روپے کی امدادی اشیاء زلزلہ متاثرہ علاقوں میں بھجوائیں جبکہ این ایف سی ایوارڈ میں بھی پنجاب ہر سال اپنے حصے کے 11 ارب روپے بلوچستان کو دے رہا ہے جو قومی یکجہتی کے عمل کو مستحکم بنانے کیلئے پنجاب حکومت کا مستحسن اقدام ہے۔
1478919_639108066127803_1627878209_n
یہ بات انہوں نے آج یہاں بلوچستان کے وزیراعلیٰ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کے ساتھ ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی اور بلوچستان کے اہم امور پر بات چیت ہوئی۔
بلوچستان کے وزیراعلیٰ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے زلزلہ متاثرین کی بھرپور مدد کرنے پر وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہپنجاب حکومت اور عوام نے زلزلہ زدگان کی نہ صرف بھرپور مدد کی بلکہ متاثرین کی ہر ضرورت کو پوراکیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت نے لینڈ ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے حوالے سے پنجاب کی مدد لینے کا فیصلہ کیا ہے اور صوبے میں ریسکیو 1122 سروس کے اجراء کے حوالے سے بھی پنجاب حکومت سے تعاون حاصل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت کے ٹھوس اقدامات کی بدولت صوبے میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری آ رہی ہے۔ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے دانش سکولوں میں بلوچ طلبا و طالبات کا کوٹہ دوگنا کرنے پر بھی پنجاب کے وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔